کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے متعلقہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے صوبے میں پولیو اور بچوں کی دیگر مہلک بیماریوں کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اعتماد کے اظہار کو اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کو پولیو سے پاک کرنے اور بچوں کو محفوظ وصحت مند مستقبل دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ گذشتہ روز یونیسف، ڈبلیوا یچ او ، نیشنل پروگرام برائے ای پی آئی اور گاوی مشن کے حکام سے ہونے والی ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے امن کے قیام ، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ بچوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھی موثر اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ہمارے تمام تر وسائل عوام کی امانت ہیں جنہیں عوام ہی کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بین الاقوامی ادارے گاوی مشن، یونیسف، ڈبلیو ایچ او اور نیشنل پروگرام برائے ای پی آئی کی جانب سے بلوچستان میں پولیو اور بچوں کے دیگر مہلک امراض کی روک تھام اور تدارک کیلئے صوبائی حکومت کی کامیاب کوششوں کو سراہتے ہوئے ان پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیاگیا تھا ان اداروں کی جانب سے اس ضمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت اور حکومت کی سرپرستی کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے صوبے میں معمول کی ٹیکہ جاتی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی تھی ، وفد نے پولیو، خسرہ سمیت بچوں کے 9مہلک امراض کے تدارک کے لیے کامیاب اقدامات پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان اقدامات کے نظر آنے والے ثمرات اور نتائج حکومت بلوچستان کی سنجیدگی کا مظہر اور انتہائی حوصلہ افزاء ہیں، گاوی مشن کے کنٹری منیجر کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کا ادارہ حکومت بلوچستان کی دلچسپی کے پیش نظر صوبے میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو مستحکم بنانے کے لیے صوبے کے تمام مراکز صحت میں ویکسین کو محفوظ بنانے کے لیے شمسی توانائی کے ذریعے کولڈ چین سسٹم فراہم کرے گا اور آئندہ ایک سال کے اندر اندر یہ نظام تمام مراکز صحت میں فعال کر دیا جائیگا، منیجر نیشنل ای پی آئی پروگرام نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان میں حفاظتی ٹیکہ جاتی پروگرام کے لیے 7ملین ڈالر مختص کئے ہیں جبکہ حکومت بلوچستان نے اس پروگرام کیلئے اپنے حصے کے 5سو ملین روپے جاری کرچکی ہے۔ ملاقات میں صوبائی حکومت اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان مربوط روابط کے مزید فروغ کے ذریعے بچوں کے مہلک امراض کے تدارک کیلئے جاری اقدامات کو زیادہ موثر بنانے سے اتفاق کیاگیا۔