|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2017

واشنگٹن : سیاٹل میں واقع ایسٹ سائیڈ اسلامی مرکز کے احاطے میں واقع مسجد کو جنونی شخص نے نذرِ آتش کردیا جس سے مسجد کا ایک حصہ بری طرح جل کر تباہ ہوگیا۔ واشنگٹن کے نواحی علاقے بیلی ویو کے مشہور اسلامی مرکز میں یہ واقعہ پیش آیا، 37 سالہ  آئزک وائن ولسن نامی شخص نے رات کے کسی پہر مسجد میں داخل ہوکر اسے آگ لگائی جب کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مسجد کو آگ لگائی،فائربریگیڈ کا عملہ جب وہاں پہنچا توآگ نے  پوری طرح مسجد کواپنی لپیٹ نے لیا تھا جس کی وجہ سے اس کا ایک حصہ جل کر تباہ ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ  آگ لگانے کے بعد مذکورہ شخص مسجد سے ملحق میدان میں بیٹھا رہا اور اسے اب سیاٹل میں کنگ کاؤنٹی کے ایک اصلاحی مرکز بھیج دیا گیا ہے۔  پولیس کے مطابق گرفتارشخص نے مسجد کو آگ لگانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لہٰذا اس پر املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم نفرت پر مبنی جرم کی دفعہ نہیں لگائی گئی۔ دوسری جانب پراسیکیوٹر مائیک ہوگن کا کہنا ہے کہ مذکورہ  شخص کو اس سے قبل بھی مسجد کے معاملات میں مداخلت پر گرفتارکیا جاچکا ہے۔ واقعے کے بعد امریکی اسلامی تعلقات کی کونسل نے اپنے فیس بک پیج پر کہا کہ ہمیں کسی نتیجے پر پہنچنے کی جلد بازی کے بجائے پولیس کو تحقیقات کرنے دینی چاہیے جب کہ مسجد کو غیرمعینہ مدت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔