اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بربریت ہے امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت اور اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بربریت ہے تخریب کاری کی کارروائیاں کرنے والے ملک کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں ایسے امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور یہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور اور ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام دشمنوں کے عزائم کا حوصلے سے مقابلہ کررہے ہیں اور حکومت بھی آخری دہشت گرد کو ختم کرکے ہی دم لے گی۔