|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2017

اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ اسلام اور پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کا جواب دینا لازم ہے۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر شرمندگی ہو، مخالفین کی تقریروں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن غلط بیانی سے افسوس ضرور ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہیں پیدا ہوئے اور یہیں دفن ہوں گے، کہیں سے بھی اسلام اور پاکستان کے خلاف آواز اٹھتی ہے تواس کا جواب دینا لازمی ہوتا ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے بلا تفریق کام کر رہے ہیں اور خواہش ہے کہ پسماندہ علاقے بھی ترقی یافتہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں منافق نہیں ہوں جبکہ کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر داخلہ اسلام آباد آیا تواس کو دلائل سے بھگایا۔