کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے صوبہ بھر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کو معیاری اور موثر بنانے اور تمام ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو مہم کی نگرانی کے ساتھ ساتھ رضا کاروں اور عملے کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ، بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو پولیو ویکسین کی افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں بچوں کو ویکسین پلانے کی جانب قائل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کو ای او سی کے صوبائی کوآرڈنیٹر سید فیصل آغا نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے پولیو مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر بچے تک رسائی اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب صوبے کے دوردراز علاقوں کے بچوں تک پہنچ کر انہیں انسداد پولیو ویکسین پلائی جائے۔ انہوں نے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو پولیو مہم کے دوران ہر شام کو اجلاس منعقد کرکے پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے کسی قسم کی مشکلات کے فوری حل کی ہدایت بھی کی۔