|

وقتِ اشاعت :   January 22 – 2017

کوئٹہ:پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث بڑے مگر مچھ بچ گئے تو عام آدمی پر یہ گہرا تاثر قائم ہوگا کہ قانون صرف غریبوں کے لیے ہے ،پانامہ کیس پاکستانی سیاست کے شو بزنس والے ’’کپور خاندان ‘‘کے لیے سوہان روح بن گیا ہے،’’ن‘‘لیگ کی میڈیا الیون ٹیم کا بھونڈے انداز میں نواز شریف اور ان کی فیملی کا دفاع انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا اورنہ ہی عدالتی احاطے میں وزراء کے ڈائیلاگ زمینی حقائق کو چھپا سکتے ہیں ،جھوٹ در جھوٹ کے باعث پانامہ لیکس کی دراز ہوتی ہوئی رسی میں شریف فیملی کا پھنس جانے والا پاؤں خواجگان اپنی بھڑکوں سے نہیں چھڑاسکتے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے پی ٹی آئی سندھ وبلوچستان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار یار محمد رند نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی نظریں عدالت عظمیٰ پر ہیں ،پانامہ لیکس کا فیصلہ ملک کی آئندہ تقدیر اور قانون کی بلا امتیاز عمل داری کے یکساں نفاذ کا فیصلہ ہوگاکیونکہ اس میں اگر بڑے آدمی کو سزا ہوگی تو قانون کی عمل داری عملاً ظاہر ہوگی لیکن اگر کرپشن میں ملوث بڑے عناصر بچ گئے تو سول قانون انصاف اور جمہوریت کوشدید خطرات لاحق ہونگے اور ملک میں غریب امیر کے لیے امیتازی قانون کے تاثر کو گہر ا فروغ حاصل ہوگا،سردار یار محمد رند نے کہا کہ ملک کی قد آوار سرمایہ کار شخصیات آدم جی ولیکا اور داؤد سے بہت ہی کم سرمایہ رکھنے والے اوسط درجے کے کاروباری میاں برادران کو پاکستانی قوم کو یہ وضاحت ضرور دینا ہوگی کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ کونسا پارس ان کے ہاتھ آیا جس سے وہ دیکھتے ہی دیکھتے انتہائی متمول سرمایہ دار بن گئے ،پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی بیخ کنی سے ہی وطن عزیز کی سلامتی وترقی ممکن ہے جس کے لیے ہر ذی شعور فرد کو پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہوگا۔