کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ہدایت کی ہے کہ پی ڈی ایم اے ، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے بارشوں اور برفباری کے دوران ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری رکھیں بلخصوص دور دراز کے اضلاع کے متاثرین تک امدادی سامان پہنچانے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے ، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ صوبائی ادارے بہترین کارکردگی کے مظاہرے پر مبارکباد کے مستحق ہیں،امدادی سامان کی تقسیم میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے اور صرف مستحق افراد کو سامان فراہم کیا جائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو وہ بدھ کے روز یہاں منعقد ہونے والے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں امدادی سرگرمیوں اور مزیدبرف اور بارش کی پیشنگوئی کے تناظر میں امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا پی ڈی ایم ای کیجانب سے اس حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے و داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی مشیر محمد خان لہڑی ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود ، ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد اسلم ترین، وزیر اعلی کے سیاسی مشیر جمال شاہ کاکڑ،وزیر اعلی کے کوآرڈینیڑ برائے کمپلینٹ سیل علاؤ الدین کاکڑ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ حالیہ بارشیں اور برفباری آفت نہیں بلکہ اللہ تعالی کی جانب سے رحمت ہیں جن کے دوررس نتائج مرتب ہونگے ، اجلاس کو ڈی جی پی ڈی ایم کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نقصانات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے نتیجہ میں کل سات اموات ہوئی ہیں جبکہ گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ مختلف متاثرہ اضلاع میں اب تک 9485خیمے ،6649کمبل،4520پلاسٹک شیٹس،4160ہائی جینک کٹس،5390سلیپنگ بیگز،8595ترپال،250واٹر ٹینکس،1605جیری کین اور7510کچن سیٹ بھجوائے گئے ہیں جو متاثرین میں تقسیم کئے جارہے ہیں اس کے علاوہ 40کلو گرام کے اشیاء خوردونوش کے 7424پیکٹس بھی فراہم کئے گئے ہیں ایک پیکٹ 7افراد پر مشتمل خاندان کی ایک ہفتہ کی ضروریات کے لئے کافی ہے انہوں نے بتایا کہ 6روز تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے دوردراز کے علاقوں تک سامان تقسیم کیا گیا جبکہ بذریعہ سڑک بھی امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی کی جانب سے فراہم کئے گئے15کروڑ روپے کے خطیر فنڈز سے اشیاء خوردونوش اور دیگر سامان کی خریداری ممکن ہوسکی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم اے کو ضلعی سطح پر بھی مستحکم کیا جائے گا ، امدادی سرگرمیوں کے لئے ریسکیو1122سروس کا دائرہ کار بھی ضلعوں تک بڑھایا جائے گا اور پی ڈی ایم ا ے کو جدید آلات اور بھاری مشینری فراہم کی جائے گی اجلاس میں میڈیا پرزور دیا گیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی امدادی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کرے تاکہ متاثرین کے حوصلے بلند ہوں اجلاس میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے نقصان کا ازالہ کیاجائے گا اور حکومت ان کا بھرپور ساتھ دے گی وزیراعلی نے ہدایت کی کہ وزیراعلی شکایت مرکز اور ایمرجنسی کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایات اور ٹیلی فون کالز پر فو ری طور پر ردعمل دیا جائے اور متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔