راولپنڈی: پاک فوج نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو دی گئی زرعی اراضی کو قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بحث فوج کی کردار کشی کے مترادف ہے۔ فوج کو بدنام کرنیکی مہم ریاستی اداروں میں بد اعتمادی کا موجب بن سکتی ہے اور یہ رویہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ جمعرات کے روز پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سابق آرمی جنرل (ر) راحیل شریف کو زرعی زمین کی الاٹمنٹ سرکاری اور فوجی قواعد کے تحت دی گئی ہے اس طرح کی الاٹمنٹس آئینی طریقہ کار کے مطابق ہوتی ہیں۔ فوجی افسران ، جوانوں کو زرعی زمین کی الاٹمنٹ پر گزشتہ کئی روز سے بحث و قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بحث پاک فوج کی کردار کشی کے مترادف ہے۔ فوج کو بدنام کرنیکی مہم ریاستی اداروں میں بد اعتمادی کا موجب بن سکتی ہے اور یہ رویہ اس وقت موجودہ اداروں میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتا ہے جو اداروں میں موجود ہم آہنگی کے لئے خطرناک ہو سکتا ہے۔