واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ حکم نامے پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت 7 مسلم ملکوں سے آنے والے پناہ گزینوں کے امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران ہی بار بار یہ کہتے رہے تھے کہ اگر وہ صدر بن گئے تو دہشت گردی کا شکار ملکوں سے آنے والوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردیں گے اور اس صدارتی حکم کے ساتھ انہوں نے اپنے وعدے کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق ’’قومی تحفظ کےلئے غیرملکی دہشت گردوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی‘‘ کے عنوان سے جاری کردہ اس خصوصی صدارتی حکم نامے کے تحت شام، ایران، عراق، سوڈان، لیبیا، یمن اور صومالیہ کے شہریوں کو آئندہ 90 دن تک امریکا میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا، اس کے علاوہ امریکا کا ’’ریفیوجی ایڈمیشن پروگرام‘‘ بھی آئندہ 120 دن تک کےلئے معطل کردیا گیا ہے۔
ٹرمپ کا منصوبہ 2017 کے مالی سال میں امریکا آنے والے شامی پناہ گزینوں کی تعداد کم کرکے پچاس ہزار تک کرنا ہے جو مالی سال 2016 میں ایک لاکھ دس ہزار تھی۔ پنٹاگون میں اس حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے فخریہ انداز میں اعلان کیا کہ وہ ’’انتہاء پسند اسلامی دہشت گردوں‘‘ کو امریکا سے باہر رکھنے کےلئے جانچ پڑتال کے سخت ترین اقدامات ترتیب دے رہے ہیں۔