اسلام آباد: جیالوجیکل سروے آف پاکستان کے ایم ڈی ڈاکٹر عمران نے سینیٹ ذیلی کمیٹی پیٹرولیم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دنیا کی مہنگی ترین دھات مولی بینیم دریافت ہوئی ہے۔ جس کی قیمت ایک لاکھ ڈالر فی ٹن ہے یہ دھات خلائی جہازوں میں استعمال ہوتی ہے ۔ دنیا میں سونے کے ذخائر کی راہداری میں بلوچستان بھی شامل ہے ۔ 36نئی قدرتی دھاتیں دریافت ہوئی ہیں۔ ٹیتھین میٹالک کے علاوہ دربنچاہ، کوہ دلیل ، مشقی چاہ میں بھی سروے اور تلاش جاری ہے کنونیئر کمیٹی سردار فتح محمد محمد حسنی نے کہاکہ اربوں روپے مالیات کا سمگل ہوکر آنے والے ایرانی تیل کی تمام کمپنیوں کے پیٹرول پمپوں پر فروخت جاری ہے۔ پیٹرول پمپس میں تیل کی ملاوٹ میں پی ایس او بھی ملوث ہے۔ آئندہ اجلاس میں ایم ڈی پی ایس اوشریک نہ ہوئے تو کارروائی قواعد کے تحت کی جائے گی۔ کمیٹی نے ایم ڈی پی ایس اوافسران اور ملازمین کی تنخواہوں کا ریکارڈ طلب کرلیا سینیٹ ذیلی کمیٹی پیٹرولیم کے کنونیئر سردار فتح محمد محمد حسنی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ملک بھر اور خاص طور صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں قدرتی ذخائر کے سروے اور پیٹرولیم سے متعلقہ فنڈز کے استعمال اور اجراء کا ایجنڈا زیر بحث آیا۔ کنونیئر کمیٹی سینیٹر فتح محمد محمد حسنی نے کہا کہ ملک بھر باالخصوص بلوچستان میں موجود قیمتی قدرتی وسائل کا درست طریقے سے سروے کروا کر ان ذخائر کی تلاش اور پیداوار سے مقامی افراد کو روزگار کے علاوہ مالی فوائد بھی ملیں گے۔ آئند ہ اجلاس میں جیالوجیکل سروے آف پاکستان کے سروے ، ذخائر کی نشاندہی کے بارے میں تفصیلات سے آگا ہ کیا جائے۔ سردارسینیٹر فتح محمد محمد حسنی نے کہا کہ سونا ، تانبا ، چاندی ، گیس کے وسیع ذخائر سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں اور تلاش ہونے والے ذخائر کے لیے پاکستانی کمپنیوں اور مقامی لوگوں میں مشترکہ معاہدات کیے جائیں۔ اگر بلوچستان کے ذخائر کو جدید سائنسی طریقے استعمال کرکے پیداوار حاصل کی جائے تو پاکستان پیٹرول اور گیس میں خود کفیل ہوسکتا ہے۔جن جن علاقوں میں مقامی افراد ذخائر کو تلاش کررہے ہیں یا مالک ہیں کمیٹی نے بلوچستان میں تیل و گیس اور دوسرے قدرتی وسائل کی تلاش سے متعلق 5سالہ ریکارڈ طلب کرلیا ۔ قائم مقام ایم ڈی او ڈی سی ایل نے بتا یا کہ 2014تک بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے سروے نہیں ہوسکا ۔2015سے بلوچستان میں شان ، خاران ، پسنی اور گوادر میں سیسمک سروے پر پہلی دفعہ بڑا بجٹ استعمال کیا گیا۔ آئندہ اجلاس میں او جی ڈی سی ایل سے بلوچستان میں سروے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی گئی۔ جیالوجیکل سروے آف پاکستان کے ایم ڈی نے بتایا کہ بلوچستان میں دنیا کی مہنگی ترین دھات مولی بینیم دریافت ہوئی ہے۔ جس کی قیمت ایک لاکھ ڈالر فی ٹن ہے یہ دھات خلائی جہازوں میں استعمال ہوتی ہے ۔ دنیا میں سونے کے ذخائر کی راہداری میں بلوچستان بھی شامل ہے ۔ 36نئی قدرتی دھاتیں دریافت ہوئی ہیں۔ ٹیتھین میٹالک کے علاوہ دربنچاہ، کوہ دلیل ، مشقی چاہ میں بھی سروے اور تلاش جاری ہے ۔جیالوجیکل سروے آف پاکستان کی دو الگ الگ ٹیمیں کل سے آواران اور موسیٰ خیل کا دورہ شروع کررہی ہیں۔