|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2017

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوام کھلے نعروں لگانے والوں کے بہکاوے میں اب نہیں آئیں گے جیب بھرنے والوں کا عوام ووٹ کے ذریعے احتساب کرینگے ،پیپلز پارٹی غریبوں اور کسانوں کی جماعت ہے ،مسلم لیگ(ن) اوراسکی قیادت پانامہ لیکس میں بری طرح پھنس چکی ہے جسے اب کوئی نہیں بچاسکتا۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،سابق وفاقی وزیر میرچنگیز جمالی ، ملک عبدالحمیدکاکڑ، ثناء اللہ جتک ، محمد یعقوب زیارت وال ، میر ولی محمد قلندرانی ،چوہدری شان سلامت،ربانی خلجی،میراختر شاہوانی ،سفرخان زہری نے سریاب میں محمد زمان شاہوانی ، ملک اسحاق نیچاری اور عبدالمجید خراسانی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ گوادر سی پیک پاکستان پیپلز پارٹی کا بلوچستان کے عوام کوتحفہ ہے گو ادر سی پیک منصوبے میں تمام صوبوں کو انکا جائز حق ملنا چاہئے اس منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی نئی منازل طے کریگا قوم پرست نہیں چاہتے کہ یہ منصوبہ کامیاب ہو لیکن پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکر اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کریگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے سریاب کے عوام کو ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا لیکن اب عوام باشعور ہوچکے ہیں وہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ہمیں ملکر صوبے سے نفرتوں کے خاتمے اور پاکستان و بلوچستان کو مضبوط بنانے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے عوام کو مایوسی ، بے روزگاری اور دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں د یا پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھرتی کئے گئے ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کیا جارہا ہے جس کی پیپلز پارٹی مذمت کرتی ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد شہید ذوالفقارعلی بھٹو ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت سینکڑوں جیالوں نے عوام کے حقوق اور ملک میں جمہوریت کے قیام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہورہی ہے جس کا واضح ثبوت آئے روز مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر لوگوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت ہے۔تقریب سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،سابق وفاقی وزیر میر چنگیز جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اوراسکی قیادت پانامہ لیکس میں بری طرح پھنس چکی ہے اب اسے کوئی نہیں بچاسکتا حکمرانوں کو عوام کی لوٹی گئی رقم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت میں فعال اور منظم ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شہید قائدین کے نعرے روٹی ،کپڑا اور مکان کو بلاول بھٹو زرداری اورآصف علی زرداری آگے لیکر چل رہے ہیں پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کو انکے حقوق دلاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں غربت اور مسائل کو ختم کرنا ہے تو پیپلز پارٹی کے قائدین کے ہاتھ مضبوط کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا قوم پرستوں نے عوام کو مایوسی اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں دیا انشاء اللہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے عوام کی ترقی کیلئے آنے والے فنڈز کو دو نوں ہاتھوں سے لوٹا ہے پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر انکا احتساب کریگی۔ انہوں نے محمد زمان شاہوانی ، ملک اسحاق نیچاری ، عبدالمجید خراسانی اورانکے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امیدظاہر کی کہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔