|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2017

کوئٹہ:چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت مردم شماری کے انعقاد سے متعلق صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں مردم شماری کرانے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانہ ومردم شماری کے عمل میں صوبائی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی اور صوبے میں پرامن ماحول اور شفاف انداز میں مردم شماری کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر عمر بابر، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بلال احمد جمالی، سیکریٹری داخلہ محمد اکبر حریفال، آئی جی پولیس احسن محبوب، کمشنر مردم شماری پسند خان بلیدی اور سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ملک بھر میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ صوبہ میں مردم شماری دو مراحل میں ہوگی۔ پہلے مرحلے میں2017ء مارچ میں پندرہ اضلاع جبکہ دوسرے مرحلے میں اپریل2017ء میں سترہ اضلاع میں مردم شماری کرائی جائے گی۔ صوبائی کمشنر مردم شماری نے کہا کہ تمام اضلاع میں عملے کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور عملے کی تربیت کا عمل جاری ہے جبکہ دو مراحل میں ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا عمل مکمل ہوچکا ہے اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان نے کہا کہ ٹریننگ سینٹروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس کے ساتھ لوگوں میں مردم شماری کی اہمیت کے حوالے سے تشہیری مہم نظامت تعلقات عامہ کے ذریعے چلائی جائے۔ انہوں نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ اجلاس میں بلانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبے میں مردم شماری کے عمل کی مکمل شفافیت ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔