کوئٹہ: بدھ کو مختلف سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سراوان ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ، رشید خان ناصر ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغاحسن بلوچ ، موسیٰ بلوچ ، جاوید بلوچ ،سابق ایم این اے آغا ناصر علی شاہ، پاکستان پیپلزپارٹی کے بسم اللہ خان کاکڑ ، میر حبیب اللہ شاہوانی ، نیشنل پارٹی کے خیر جان بلوچ ، نیاز بلوچ ، عطاء محمد بنگلزئی ، بی این پی ( عوامی ) کے عبدالواحد بلوچ ، آصف بلوچ ، کاکڑ جمہوری پارٹی کے ملک شمس الدین کاکڑ ، جماعت اسلامی کے عبدالقیوم کاکڑ ، اصغر علی گلزاری ، طاہر خان ہزارہ سمیت مختلف سیاسی پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مردم شماری کے حوالے سے غور و غوض کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اس مسئلے کو تمام سیاسی جماعتیں افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کرے گی ۔ اجلاس میں تمام جماعتوں میں اتفاق پایا گیا کہ مردم شماری عوام کا بنیادی حق ہے اور مردم شماری ہونی چاہیے اس حوالے سے پورے ملک اور خصوصاً بلوچستان میں تمام قومیتوں اور پارٹیوں کے خدشات دور کرنا ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے جسے حکومت ہر صورت میں یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں ۔آل پارٹیز میں یہ فیصلہ ہوا کہ مزید سیاسی جماعتوں کو بھی آئندہ اجلاس (جو بروز ہفتہ 11 فروری کو سراوان ہاؤس میں شام 3 بجے منعقد ہوگا ) میں شرکت کے لئے دعوت دی جائے گی ۔ تمام سیاسی جماعتیں اس بات متفق تھیں کہ مردم شماری کے ایشو کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ محکوم اقوام کے درمیان دوریاں پیدا نہ ہو اور بلوچستان کے تمام اقوام آپس میں شیر و شکر ہوسکے