|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2017

اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت خفیہ طور پر جنوبی بھارت میں ایٹمی شہر کا قیام عمل میں لا رہا ہے، جہاں پر تھرمو ایٹمی ہتھیار بنائے جارہے ہیں، جس سے خطے کے دفاعی توازن میں بگاڑ آئے گا اور عدم استحکام کا باعث بنے گا ،عالمی برادری نوٹس لے، بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، نئی امریکی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پر ویزہ پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی، ا ن خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے جمعرات کو میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کیا، ترجمان نے کہا کہ بھارت خفیہ طور پر اپنے جنوبی حصہ میں ایٹمی شہر کا قیام عمل میں لارہا ہے، جہاں پر تھرمو نیوکلیئر ہتھیار بنائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ دفاع کی بجٹ میں اضافے سے خطے میں دفاعی توازن کو نقصان پہنچے گا، پہلے ہی بھارت نے ایٹمی سب مرائن اور بین البرا عظمی میزائلوں کا تجربہ کر چکا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ پرامن ہمسایہ کی پالیسی پرکارفرما ہوتے ہوئے امن کا خواہاں ہے، لیکن بھارت ہمیشہ مذاکرات سے کتراتا ہے، انہوں عالمی برداری سے بھارت کی جانب سے روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کیلئے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ، انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے دیا گیا بیان اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے، یاد رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ پاکستان میں ریفرنڈم ہونا چاہئے تاکہ وہاں کے لوگ فیصلہ کریں کہ آیا وہ پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کے ساتھ، نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس طرح کے بیانات مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی جہدوجہد سے گھبرا کر دئیے گئے ہیں ، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جو کہ 2003 کے سیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزی بھی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اوڑی واقعہ کے بعد سرجیکل اسٹراٹیک کا جھوٹا ڈرامہ رچایا گیا، پاکستان آرمی کی جانب سے بین الاقوامی صحافیوں کو اس جگہ لے جایا گیا تھا جہاں بھارت نے سرجیکل اسٹراٹیک کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا،انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کر نے کا خواب دیکھ رہا تھا، وہ مکمل طور پر ناکام رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خود بھارتی دہشتگردی کا نشانہ بنا ہے اور اس حوالے سے پاکستان نے اقوام متحدہ کو دستاویزی ثبوت حوالے کئے ہیں، پاکستان کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس پر حملے کے حوالے سے مختلف اوقات پر معلومات فراہم کرنے کو کہا ہے لیکن بھارت کی جانب ابھی تک معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ روس کے توانائی کے وزیر پاکستان کے دورے پر ہی اور وہ پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔، انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ پاکستان کا دفاع اور دیگر شعبہ جات میں تعاون جاری ہے، انہوں نے کہا کہ روس کی جانب افغانستان پر رواں ماہ کے وسط میں کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے اس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور پاکستان اس میں شرکت کرے گا، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کے ساتھ پی آئی اے کے جہاز کو موڑنے کے واقعہ کے حوالے سے رابطہ میں ہیں،سعودی عرب میں 39ہزار پاکستانیوں کونکا لنے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ میڈیا رپورٹس ہیں جبکہ سعودی حکومت کے ساتھ رابطہ میں ہیںِ، انہوں نے کہا کہ ای سی او کانفرنس مارچ میں پاکستان میں ہوگی اس میں شرکت کے حوالے سے بیشتر ممالک نے تصدیق کر لی ہے۔دریں اثناء بھارت نے پاکستان کی جانب سے خفیہ ایٹمی شہر کے قیام سے متعلق الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ ایٹمی شہر کے قیام بارے پاکستانی دعویٰبے بنیاد ہے جس کا مقصد دہشتگردی کے اصل ایشو سے توجہ ہٹانا ہے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا بھارت کی جانب سے خفیہ ایٹمی شہر کے قیام کادعویٰ بے بنیاد ہے جس کا مقصد دہشتگردی کے اصل ایشو سے توجہ ہٹا نا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے بھارت کی طرف سے خفیہ ایٹمی شہر کے قیام اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاتھاکہ بھارت کی طرف سے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے سے خطے اور دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہو گا۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات سے خطے میں تزویراتی توازن بگڑے گا۔ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے روایتی اور غیرروایتی ہتھیاروں میں تیزی سے اضافے کو نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے کو روکے۔