اسلام آباد:وزیراعظم محمد نوا ز شریف نے بلوچستان کی ترقی کو ملک کی ترقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان شاہراہوں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے جلد ترقی کا مرکز بن جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے جمعہ کے روز ان سے ملاقات کی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان کی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی بلوچستان کی ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، جسے ماضی میں سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کر رکھا تھا، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان کو خصوصی توجہ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
دریں اثناء نیشنل پارٹی کے سینیٹرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف سے گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیربرائے پورٹ سینیٹرمیر حاصل خان بزنجو کی قیادت میں وفد جس میں سابق وزیراعلی ڈاکٹرعبدالماک بلوچ،سینیٹر میرکبیراحمدمحمدشہی اور میرجان محمد بلیدی نے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نیگفتگوکرتے ہوئیکہاکہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی خوشحالی سے وابستہ ہے بلوچستان کے زمینداروں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے 32ہزار سے زائد زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقل کیاجائے گا اوراس سلسلے میں وفاق ہرممکن اقدامات کریگا سینیٹرمیرکبیرمحمدشہی نے کہاکہ مستونگ میں پڑنگ آباد کے مقام پر گرڈا سٹیشن اورخالق آباد منگچر کو گیس کی فراہمی کی منظوری کو عرصہ گزرچکا ہے مگر تاحال فنڈز کی عدم فراہمی سے عوامی مفاد کے منصوبے شروع نہیں ہوسکے جس پر وزیراعظم نے کہاکہ ان منصوبوں کیلئیتمام فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گااس موقع پر وفد نے وزیراعظم کو بلوچستان میں لاکھوں افغان مہاجرین کی موجودگی اورلاکھوں بلوچ آئی ڈیزکی دیگرصوبوں میں نقل مکانی کے باوجود مردم و خانہ شماری پر اپنے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کیا رہنماؤں نے ملکی خصوصابلوچستان کی سیاسی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی وزیراعظم نوازشریف نے اس موقع پر بلیدہ روڈ کی فوری تعمیراور شاہراہ کو ایم 8سے منسلک کرنے اوربلیدہ گرڈاسٹیشن کے قیام بھی منظوری دی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کراچی کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے سمیت امن و امان ‘ توانائی بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبے میں بہتری لانے کے لئے وفاقی حکومت کے منصوبوں کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور گورنر سندھ محمد زبیر عمر کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی اور سندھ حکومت میں تعاون بڑھانے سمیت ترقیاتی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے ملاقات میں کیا جس میں ملک وصوبے کی سیاسی ‘ معاشی اور امن و امان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے وفاقی حکومت نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور عوام کی فلاح کے لئے توانائی ‘ بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبے میں متعدد منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے جن میں پورٹ قاسم ‘ اینگرو ‘ تھر ‘ جمپیر میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے اور شہر میں کوئلے کی کان کنی شروع کرنا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو ساتھ ملا اتفاق رائے سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنایا گیا ہے جس کے بعد شہر کی اقتصادی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے خوشحال کراچی اور پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے کراچی ‘ حیدر آباد موٹر وے کی تکمیل شدہ حصے کا افتتاح اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کر کے عوام کے لئے سہولت کے دروازے کھول دیئے ہیں اور ان کے علاوہ گرین لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے میں بھی مکمل کر رہے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں خوشحالی آئے گی اور کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام اس سے مستفید ہو سکیں گے ۔ وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو تلقین کی کہ وہ سندھ میں وفاقی حکومت کی شروع کردہ منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان چپقلش کے خاتمے اور تعاون بڑھانے کے لئے پل کا کردار ادا کریں تاکہ عوام حقیقی معنوں میں حکومت کے شروع کردہ منصوبوں سے مستفید ہو سکے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے اعتماد کے اظہار وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دلایا کہ وہ اپنے منصب کا استعمال ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح اور خدمت کے لئے کریں گے ۔