|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2017

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے بلوچستان حکومت کو تمام سیکریٹریز کیڈر گروپ سے بھرتی کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ بلوچستان کے گریڈ بیس کے افسران کو جاری شوکاز نوٹس واپس لے لیے ہیں۔پیر کو کوئٹہ کمیشن عملدرآمد کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی، مقدمہ کی سماعت شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ ڈیپوٹیشن اور نان کیڈر کے خلاف حکم عام جاری کرے کیوں صوبائی حکومت جب سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتی ہے تو افسران حکم امتناعی لے لیتے ہیں، اس پر عدالت نے صوبائی حکومت کو تمام سیکرٹری کیڈر گروپ سے بھرتی کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو ہدایت کی کہ وہ نان کیڈر ڈیپوٹیشن سے متعلق مقدمات کی فہرست بلوچستان ہائی کورٹ کو پیش کریں، جبکہ عدالت نے بلوچستان ہائی کورٹ کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ ڈیپوٹیشن اور خلاف ضابطہ کیڈر مقدمات کا فوری فیصلہ کرے، آرٹیکل 212 کے تحت سپریم کورٹ کے طے کردہ قانون پر ہائی کورٹ فیصلہ نہیں کرسکتی، جبکہ عدالت عظمیٰ نے کوئٹہ ہسپتال میں ٹرانسفر کیے گئے بارہ سرجن کی واپسی کا حکم بھی دیدیا ہے اور بلوچستان کے گریڈ بیس کے افسران کو جاری شوکاز نوٹس واپس لے لیے ہیں، واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے بلوچستان کے گریڈ بیس کے افسران رحمت اللہ زہری، سہیل مرزا، شیخ نواز کو سپریم کورٹ کے احکامات کیخلاف حکم امتناعی لینے پر شوکاز نوٹس جاری کیے تھے، عدالت نے مقدمہ نمٹا دیا ہے ۔