|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2017

کوئٹہ:صوبائی سیکرٹری صحت نور الحق بلوچ کی زیر صدارت ڈرگز کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالروف بلوچ، انڈر سیکرٹری صحت جنت علی ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ امداد اللہ بلوچ، ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ امان اللہ چیف ڈرگ انسپکٹر سلیم شاہ کے علاوہ کوئٹہ کے تمام ڈرگ انسپکٹر ز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ امداد اللہ بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے سال اکتوبر سے اب تک جعلی ادویات کے 138کیسز ڈرگ کورٹ میں بھجوا ئے گئے ہیں۔ جبکہ 10جعلی ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ادویات پر خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جبکہ محکمہ صحت ڈرگ ریگو لیٹری ڈرگ ایکٹ 1976کے مروجہ قانون کے تحت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے جعلی ادویات اور غیر رجسٹرمیڈیکل اسٹورز کے خلاف بھر پور کاروائی کرر ہی ہے۔ اس موقع پر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ڈائریکٹر امان اللہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دوا کو جانچنے اورٹیسٹنگ کے لئے ادارہ اپنے محدود وسائل میں ذمہ داریاں سر انجام دے رہا ہے جبکہ ڈرگ ٹیسٹنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جس میں عصر حاضر سے ہم آہنگ مشینری اور دیگر جانچنے کے آلات کی فوری ضرورت ہے۔ مگر ادارہ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے احسن طریقے سے خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ نے فوری طور پر کوئٹہ میں مختلف زونز کے ڈرگ انسپکٹرز کو تبدیل کر دیا۔ جبکہ ایک خصوصی سیل بھی تشکیل دیا جو کہ روزانہ کی بنیادوں پر اپنی کارکردگی رپورٹ سیکرٹری کو جمع کروانے کا پابند ہوگا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے سخت احکامات دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اور جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے تاکہ انہیں قرار واقعی سزادی جاسکے اور غیر قانونی اور جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر معاشرے میں ناسور کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے اور اس حوالے سے ڈرگ ڈائریکٹریٹ کی طرف سے کوئی بھی سست روی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی سطحوں پر بھی ڈرگ انسپکٹر اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں ۔جبکہ اس حوالے سے کوئی کو تاہی اور عذر قابل قبول نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان انسانیت سوز عناصر کے خلاف معاشرے کے ہر طبقے تو اپنا کردار ادا کرنا چائیے اور اس حوالے سے وہ ڈائریکٹریٹ ڈرگ سے بھر پور معاونت کریں ۔تاکہ ان عناصر کی سرکو بی کی جاسکے۔