راولپنڈی/ لاہور:آرمی چیف جنرل قمر جاویدہ باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات ہمارے ہمارے قومی عزم کو کمزور نہ ہی دہشتگردی کیخلاف جاری کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں،ہر رنگ و نسل کے دہشتگردوں ،انکے مالی مدد گاروں ، منصوبہ سازوں اور بیرونی مددگاروں کوملک بھر میں تلاش کر کے نشانہ بنایا جائیگا ،ہم اپنی کئی سال کی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے ،پی ایس ایل فائنل کے شیڈول کے مطابق انعقاد کیلئے پاک فوج متعلقہ اداروں کی مدد کریگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کور ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی ۔ کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے آرمی چیف کو گزشتہ رات ہونیوالے بم دھماکے کے بارے میں بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا واقعات نہ تو ہمارے قومی عزم کو کمزور اور نہ ہی دہشتگردی کیخلاف جاری کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر رنگ و نسل کے دہشتگردوں ،انکے مالی مدد گاروں ، منصوبہ سازوں اور باہر سے مدد دینے والوں کو ملک بھر میں تلاش کر کے نشانہ بنایا جائیگا انکو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور بھر پور جواب دینگے۔ ہم اپنی کئی سال کی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ رات ہونیوالے دھماکے کے ذمہ داران کا پتہ چلانے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا جس کے نتیجہ میں کچھ افغانوں سمیت اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کیلئے کوششوں میں تیزی لائی جائے ۔ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کو سبو تاژ کرنے سے اس واقعہ کے تعلق کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج فائنل میچ کے اپنے شیڈول کے مطابق انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی بھر پور مدد کریگی۔بعد ازاں آرمی چیف نے شہید ڈی آئی جی احمد مبین کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی ۔ شہید کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ انکے بہادر بیٹے اور قوم کی جانب سے دی جانیوالی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ ہمیں اس غیر انسانی وحشیانہ مائنڈ سیٹ کو شکست دینا ہو گی اور ایک قوم کی حیثیت سے ہم ایسا کرنے میں ضرور کامیاب ہونگے ۔ انہوں نے گزشتہ رات دھماکے سے متاثرہ دیگر سوگوار خاندانوں کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے سروسز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی ، پاک فوج نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے جنوبی پنجاب سے کومبنگ آپریشن شروع کرنے اور نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز آرمی چیف کی زیر صدارت کور ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اہم اجلاس میں کور کمانڈ لاہور لیفٹننٹ جنرل صادق علی نے سانحہ لاہور پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ڈی جی رینجرز پنجاب، کور کمانڈر لاہور اور حساس اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی، اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے اور کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کومبنگ آپریشن کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا، نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے گا، آپریشن سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیا جائے گا، آپریشن میں آرمی حساس اداروں کی مکمل معاونت کرے گی۔