|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2017

کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے گذشتہ روز بلوچستان پبلک سروس کمیشن کی آن لائن سبمیشن آف ایپلیکیشن سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) مہتہ کیلاش ناتھ کوہلی،تمام ممبران و دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چےئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) مہتہ کیلاش ناتھ کوہلی نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو نئے آن لائن سسٹم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیشن کے تحت ہونے والی بھرتیوں کیلئے صوبہ بھر کے خواہشمند امیدوار اپنی درخواستیں آن لائن سبمشن آف ایپلیکیشن سسٹم کے تحت اپنے گھر بیٹھے جمع کرواسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ا س سے پہلے امیدواروں کو کسی بھی آسامی کیلئے درخواست جمع کرنے کیلئے کوئٹہ آنا پڑتا تھا تاہم اس سسٹم کے متعارف کروانے کے بعد دورافتادہ علاقوں کے ذہین طلباء و طالبات بی پی ایس سی کے تحت کسی بھی مشتہر آسامی کیلئے اپنے علاقے سے انٹر نیٹ کے ذریعہ آن لائن درخواست جمع کرواسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سافٹ وےئر کو کمیشن ہذا کے عملے نے ڈیزائن کیا ہے جو کہ صارف دوست ہے اور امیدوار بغیر کسی مشکل کے اپنی درخواست ایک منتخب فارم کو آن لائن پر کرکے جمع کرواسکیں گے اس سسٹم کے تحت تمام امیدواروں کو رولنمبر سلپس بھی آن لائن مہیا کی جائیں گی چےئرمین کمیشن نے مزید بتایا کہ حالیہ مقابلے کے امتحان میں صوبہ بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی اور 2016میں امیدواروں کی درخواستوں کی جمع کردہ شرح میں کافی اضافہ ہوا ہے اور اب ایک آسامی کیلئے ہزاروں کی تعداد میں امیدوار اپلائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں مکمل میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے جس سے ذہین اور قابل طلباء و طالبات کا کمیشن پر اعتماد کافی بحال ہوا ہے انہوں نے بتایا کہ آن لائن ایم سی کیوز ٹیسٹ کیلئے ایک نیا کمیپوٹر لیب تعمیر کیا جائے گا جس پر 5کروڑروپے کی لاگت آئے گی اس لیب کی تکمیل کے بعد آن لائن سسٹم میں مزید بہتری آئے گی اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے پبلک سروس کمیشن کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آن لائن سبمیشن اپیلیکیشن سسٹم سے نہ صرف دوردراز علاقوں کے قابل اور ذہین امیدواروں کو گھر بیٹھے اپنی رخواستیں جمع کروانے کاموقع ملے گا بلکہ ا س سے امیدواروں کے دستاویزات کی جانچ پڑتال میں شفافیت کو بھی برقرار رکھا جاسکے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آن لائن نظام کے تحت مختلف آسامیوں پر ہونے والی بھرتیوں کا عمل مزید منظم ہوگا ۔