|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2017

اسلام آباد:وزیرمملکت مریم اورنگزیب کاکہناہے کہ اخباری تراشے ، پکوڑوں کے کاغذ عمران خان کی پٹیشن کا حصہ ہیں، طلال چوہدری نے کہاکہ کیس کا فیصلہ عمران خان کی مرضی کے مطابق نہیں قانون کے مطابق آئے گا۔ مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو اس کیس سے جوڑا گیا ،آج عدالت میں وہی باتیں ہوئیں جو پچھلے کئی ماہ سے ہورہی ہیں،عمران خان کل سے تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ شریف فیملی نے دستاویز جمع نہیں کرائیں۔ وزیراعظم چاہتے تھے کہ سپریم کورٹ جیسے چاہے فیصلہ کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلمان اکرم راجہ اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں۔شریف فیملی کی جانب سے جمع کرائی گئی کسی بھی دستاویز کا عمران خان کی جانب سے کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔ میاں نوازشریف نے عوام کی عدالت میں بھی ایک نہیں کئی دفعہ فتح حاصل کی۔ہم اب بھی چاہتے ہیں کہ ہم آ پ کی مدد کریں کیونکہ ہم خیبرپختونخوا کی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کیس قانونی نہیں سیاسی ہے ، شکست سے بچنے کیلئے عدالت کے کندھے کا سہارا لیا جارہا ہے ،عمران خان انصاف نہیں اقتدار چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے آپ نے کمیشن بننے پر بائیکاٹ کی بات کی اب کہتے ہیں کہ کمیشن بننا چاہئے ، یہ اداکار زیادہ اچھے ہیں، عدالت میں کبھی پریشان ہوتے ہیں کبھی سر پکڑتے ہیں۔ باہر آکر معصومانہ انداز میں جھوٹ بول دیتے ہیں ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عدالت میں ان کا چہرہ لٹکا ہوا ہوتا ہے باہر آکر کیمروں کے سامنے جھوٹ بول دیتے ہیں۔اس کیس کا فیصلہ عمران خان کے موڈ کے مطابق نہیں قانون کے مطابق ہوگا۔