|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2017

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ قوم پرسکون رہے ،پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورپاک فوج دشمن کومذموم مقاصدکے حصول میں کامیاب نہیں ہونے دیگی،خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے ۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کے روزسیہون شریف میں دربارلال شہبازقلندرمیں خودکش دھماکے کے بعدآرمی چیف نے قوم کی حوصلہ افزائی کیلئے جاری اپنے پیغام میں کہاکہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں دشمن قوتیں ملوث ہیں ۔دشمن کی ایماء پردہشتگردافغانستان کی سرزمین سے حملے کررہے ہیں ۔آرمی چیف نے کہاکہ قوم پرسکون رہے پاک فوج دکھ کی اس گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورفوج دشمن کوان کے مذموم مقاصدمیں کامیاب نہیں ہونے دیگی۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں سے فوری انتقام لیں گے اور معصوم شہریوں کے خون کے ہرقطر ے کا حساب لیں گے اب کسی کو کوئی چھوٹ نہیں ملے گی،اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، دہشتگرد افغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں پھر سے جمع ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہمارے بہادرشہریوں ، فوج ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابی کا اہم ستون ہے ۔فوج عوام کی امنگوں کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو مہمند اور باجوڑ ایجنسی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے فوجیوں سے ملاقات کی اور قبائلی عمائدین سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے گزشتہ روز غلنئی میں دہشتگرد حملے کے دوران شہید ہونیوالوں کے ورثاء سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے تعزیت کی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں بالخصوص لیویز کی کارکردگی کو سراہا جس کی کوششوں سے گزشتہ روز کے دہشتگرادنہ حملے میں انسانی جانوں کا کم سے کم نقصان ہوا ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے پاکستانی سر زمین پر سرحد پارافغانستان سے کئے گئے حملوں کا موثر جواب دینے پر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے بہادرشہریوں ، فوج ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابی کا اہم ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد افغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں پھر سے جمع ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمارے معاشرے میں شکوک اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ان کے مایوسانہ عزائم ناکام بنا دینگے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور دوسروں سے بھی ایسی ہی توقع رکھتے ہیں ۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ دشمن ایجنسیاں علاقائی امن و استحکام کے ساتھ کھیلنے سے باز رہیں ہم اپنی تحمل کی پالیسی کے باوجود جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاک فوج فاٹا میں سڑکوں ، صحت ، تعلیم اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پراجکٹس سمیت بنیادی ڈھانچے کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج عوام کی امنگوں کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ اس موقع پر کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور فوج اور ایف سی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔