|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2017

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت منعقد ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے ایپکس کمیٹی کو سیکورٹی امور پر بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس، جنرل آفیسرز، سیکریٹری داخلہ اور سیکورٹی اداروں کے حکام اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں دہشت گردی کے رونما ہونے والے حالیہ واقعات کے تناظر میں بلوچستان میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال اور خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا جائیگا اور سیکورٹی کے لیے خطرہ بننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں سیکورٹی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم اور مربوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ پولیس ، لیویز ، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان اداروں کی قربانیوں کو سراہا گیا، اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاران اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اپیکس کمیٹی کا اجلاس پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہا۔