|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2017

کوئٹہ: ایرانی قونصل جنرل محمدرفیعی نے پاکستان میں دہشت گردی کی رونماہونیوالی حالیہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط سیاسی ،ثقافتی ،معاشی وتجارتی روابط کاخواہاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایرانی قونصلیٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں ہونے والے دہشت گرد انہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقدس مقامات پر خود کش حملوں کے واقعات افسوسناک ہیں جس میں عام لوگ شہید اور زخمی ہوئے یہ ایک بزدلانہ اقدام ہے ،انہوں نے کہاکہ ایران اورپاکستان کے درمیان سیاسی ،ثقافتی ،معاشی لحاظ سے نزدیکی روابط رہے ہیں گزشتہ ایک عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوگئے ہیں روابط میں مضبوطی سے تجارتی حجم میں بھی اضافہ ہوگا،انہوں نے کہاکہ ایرانی حکام نے فیصلہ کیاہے کہ تجارت کے حوالے سے چاروں صوبوں میں ایران کے قائم قونصل خانے تجارتی روابط کومزید فروغ دینے کیلئے کام کرے ،ایران کا پاکستان کے ساتھ واحد بارڈر بلوچستان کے ساتھ ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کی اہمیت میں کافی اضافہ ہواہے ،بلوچستان اورایران ایک دوسرے کیساتھ نزدیک ہے تو یہاں کے تجارت سے وابستہ افراد کو سب سے زیادہ سہولیات فراہم کی جانی چاہئے ،بلوچستان کے تاجروں کو ایران میں بہترسہولیات کی فراہم کی گئی ہے ،انہوں نے کہاکہ ایران کی پاک چین اقتصادی کوریڈور میں شمولیت خوش آئند ہے ،ایران نے دونوں پورٹس گوادر وچاہ بہار کوسسٹر پورٹ کا نام دیاہے اور امید ہے کہ یہ کامیاب ہوجائیگا،انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی اسلام آبادمیں ایکو اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آبادآئینگے اورپاک ایران کے درمیان جتنے معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے ان پرعملدرآمدہوگا جس سے پاکستان اورایران کے درمیان تجارت بڑی سطح تک پہنچ جائینگے ،انہوں نے کہاکہ ہر ملک اپنے ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہے ،ہمیں اپنے بارڈر کو مضبوط کرناچاہئے ۔