|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2017

کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ سول سروس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرکے صوبے میں قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کانفرنس کا انعقاد صوبے میں گڈ گورننس کی بحالی، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت ، امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، مقامی انتظامیہ کے کردار کو موثر بنانے، گھوسٹ ملازمین کے خاتمے، صوبے کے ہسپتالوں میں صحت کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر پولیس اور اداروں کے باہمی روابط کو مضبوط بنانے ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی اور مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنانے ، کام کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے کیاگیا جس کی صدارت چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کی۔ کانفرنس میں تمام صوبائی محکموں کے سربراہوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، آئی جی پولیس، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے صوبے اور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور اس کیلئے قانون نافذ کرنے والوں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اسے سراہا جانا چاہئے کہ یہی دو ایسے شعبے ہیں جنہیں ماضی میں سب سے زیادہ نظر انداز کیاگیا مگر یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومت تندہی کے ساتھ ان شعبوں کی طرف توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے ہیں جس سے ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کافی بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنانے کیلئے انڈیپنڈنٹ مینجمنٹ یونٹ متعارف کرایا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ایک سافٹ وےئر تیار کیاجارہا ہے جس سے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد اور علاج و معالجہ کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے میدان میں بھی سنجیدہ ا قدامات کئے ہیں جن میں محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتیاں اور، ایم آئی ایس سسٹم شامل ہیں جس سے ملازمین کی حاضری اور گھوسٹ سکولوں کی نشاندہی ہوسکے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام گرلز سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ہر سکول میں ٹائلٹ تعمیر کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملک میں حالیہ دہشتگردی کے تناظر میں اہم مقامات کے علاوہ مزارات اور درگاہوں کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ ان واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے اس موقع پر سیکرٹری خزانہ ، ایس سی پی، داخلہ ، تعلیم ، صحت اور ڈویژنل کمشنرز نے متعلقہ محکموں اور ڈویژن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔