|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2017

کو ئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے منعقدہ 16ویں اجلاس میں جی ڈی اے کے انتظامی و مالی امور اور جی ڈی اے کے تحت جاری ومجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ادارے کے انتظامی ، مالی ودیگر امور کی منظوری دی گئی، گورننگ باڈی کے اراکین صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر عمر بابر، رکن صوبائی اسمبلی عیسیٰ نوری ، ڈسٹرکٹ چیئرمین گوادر بابو گلاب، سابق چیف سیکریٹری بلوچستان احمد بخش لہڑی، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی ، سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی ،وزارت ریلوے اور وزارت مواصلات کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جی ڈی اے ڈاکٹر سجاد بلوچ نے اجلاس کو اتھارٹی کے مالی، انتظامی امور اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، جن میں گوادر سٹی ماسٹر پلان ، جناح ایونیو کی تعمیر و ترقی، میرین ڈرائیو، پشکان ایونیو، جی ڈی اے پبلک ہائی سیکنڈری سکول، گوادر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، سپورٹس کمپلیکس ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب، سربندر جیٹی، پشکان جیٹی، سی پیک میں شامل گوادر سمارٹ سٹی ماسٹر پلان، نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ، واٹر سپلائی اسکیمز فیزI اور II اور ڈی سیلینیشن کی تنصیب کے منصوبے شامل تھے، اجلاس کو گوادر میں 300میگا واٹ پاور پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے کے لیے اراضی کی فراہمی کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ پلانٹ نصب کرنے والی کمپنی کو اراضی کی فراہمی کے تناظر میں منصوبے میں جی ڈی اے کے ساتھ منافع میں شراکت داری کی تجویز دی جائیگی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گوادر کی صوبے کے سرمائی دارلحکومت کی حیثیت بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام صوبائی محکموں کو اپنے اپنے دفاتر گوادر میں قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ گوادر کی اہمیت کے پیش نظر وہ خود بھی باقاعدگی کے ساتھ گوادر میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بھی فرائض کی انجام دہی کریں گے،وزیراعلیٰ کی ہدایت کے پیش نظر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ پراونشل کمپلیکس میں سرمائی دارلحکومت کا سیکریٹریٹ قائم کیا جائیگا، جہاں تمام صوبائی محکموں کے دفاتر منتقل کئے جائیں گے، اجلاس میں جی ڈی اے کو محاصل میں اضافے کے اقدامات کرنے ، بلڈنگ کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کرانے، ترقیاتی عمل میں مقامی آبادی کی شراکت داری کے ذریعے ان کی اعتماد سازی کرنے اور گوادر کی ترقی کے ماسٹر پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دیتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں جی ڈی اے کے 2015-16 کے ترمیم شدہ اور 2016-17 کے تجویز کردہ بجٹ کی منظوری بھی دی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ گوادر کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے وہاں سرمایہ کار دوست ماحول کو فروغ دیا جائے، جس سے سرمایہ کار راغب ہوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو سکے، وزیراعلیٰ نے جناح ایونیو سمیت دیگر ایونیوز میں مستقبل کی ضروریات کے مطابق سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کی سرمائی دارلحکومت کی حیثیت سے بحالی اور فعالیت سے گوادر میں جاری ترقیاتی عمل میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ انتظامی امور کی فوری انجام دہی بھی ممکن ہو سکے گی۔