|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2017

اسلام آباد:وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دیدی ۔ بدھ کو یہ فیصلہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں ہوا ۔ اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کے سفارش صوبے کی ایپکس کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی جس کی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دیدی ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ساٹھ دن کے لیے دیے جا رہے ہیں یہ مدت تعیناتی اور دئیے گئے اختیارات کے تحت رینجرز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کریں گے ۔اجلاس کے دور ان بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں صوبوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ دہشتگرد اور انکے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انکا تعاقب کیا جائے گا اور انکو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔