|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2017

کوئٹہ:میٹروپولیٹن کوئٹہ کے اپوزیشن کونسلران نے اپوزیشن لیڈر ملک محمد رحیم کاکڑ کی قیادت میں بی این پی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اس موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری کوئٹہ کے قائم مقام صدر یونس بلوچ احمد نواز بلوچ بھی موجود تھے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسلران نے بی این پی کے قائد کو میٹروپولیٹن میں جاری مسائل اورصورتحال سے آگاہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر جان مینگل نے کہاکہ گذشتہ دو سالوں سے میٹروپولیٹن کے کونسلران جوکہ اپنے حلقے کے منتخب عوامی نمائندوں کی حیثیت سے اپنے لوگوں کی فلاح وبہبود ترقی اورخوشحالی کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے سراپا احتجاج ہیں مگر صوبائی حکومت اور کوئٹہ میئر ان کے جائز عوامی مسائل اورمطالبات کو تسلیم کرنے کی بجائے نظرانداز کرتے ہوئے اپنے من پسند اور منظور نظر لوگوں کو نوازنے میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ اقتدار سے پہلے اصول جمہوری طرز فکر کے دعویدار اقتدار پر رسائی کے بعد عوام کے ساتھ اپنے تمام وعدوں کو بھول چکے ہیں انہیں تو صرف ذاتی اور یک جماعتی مفادات کا خیال ہے یہی وجہ ہے کہ آج کوئٹہ شہر گھمبیر مسائل کا شکار ہے اور شہریوں کو یرغمال بناکر رکھا ہے تاکہ اپنے گروہی مفادات اور تسلط کو برقرار رکھاجاسکے مگر کوئٹہ کے باشعور عوام ایسے فیصلوں کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتاہے کہ کوئٹہ میئر کے حوالے سے بھی فیصلے کوئٹہ کی بجائے لاہور میں کیاجاتاہے اور ان فیصلوں نے آج مسائل اور بحرانوں کو جنم دیا اس وقت شہریوں کے وسیع تر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسلران کے اجتماعی فیصلے کا احترام کیاجاتا تو کوئٹہ کے حالات مختلف ہوتے انہوں نے کونسلران سے کہاکہ وہ اتحاد اتفاق وبھائی چارگی یکجہتی کومضبوط بناکر عوام کے وسیع تر مفاد میں کوئٹہ شہر کی بہتری کیلئے جدوجہد کریں بی این پی ہر سطح پر یہاں کے عوام بلارنگ ونسل مذہب فرقہ زبان سے بالا تر ہوکر جدوجہد میں اپنا بھرپورکرداراداکرتے ہوئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی کیونکہ ہماری جدوجہد کا مقصد اور محور یہاں کے عوام کے حقوق کی بازیابی ہے۔