|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2017

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت کراچی سے لے کر طورخم تک ریلوے لائنوں کی اپ گریڈیشن کے بعد مسافرٹرینوں کی تعداد 32سے بڑھ کر پونے دو سو کے قریب ہو جائے گی۔ کراچی سے لاہور سفر کا دورانیہ بارہ گھنٹے اور لاہور سے راولپنڈی اڑھائی گھنٹے رہ جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں سی پیک کے تحت ریلوے لائنوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اعلی سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیئر پرسن ریلویز محترمہ پروین آغا ، چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور اور سی پیک ٹیم لیڈر محمد اشفاق خٹک سمیت اعلی افسران نے شرکت کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہو چکی اور اب ہم چینی ماہرین کو ادائیگی کے مرحلے میں ہیں۔ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے بعد پاکستان ریلویز کے ٹریک کی ڈیزائن سپیڈ بھی سو کلو میٹر سے بڑھ کر ایک سو ساٹھ کلومیٹر ہو جائے گی اور پاکستان کے شہریوں کو ماضی کے مقابلے میں بہترین ،تیز رفتار،محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کی آنکھوں میں سی پیک کانٹے کی طرح کھٹک رہاہے مگر ان سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی پیپلز کانگریس کے ترجمان نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ بھارت سمیت پاکستان کے دشمنوں کو سی پیک سبوتاز نہیں کرنے دیں گے اور ہم اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریلوے میں ایک نئے دور کے آغاز کے لئے دن رات محنت کریں۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں سی پیک سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔