کوئٹہ: یڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ملیریا کے مرض پر قابو پانے اور لوگوں کو جدید صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل استعمال میں لا رہی ہے ۔جبکہ ملیریا پروگرام کو مزید مستحکم اور پائیدار بنانے کے لئے مانیٹرنگ ، رپورٹنگ و سہولیات بہم پہنچانے کے لئے مزید اقدامات اُٹھانا ناگزیر ہیں۔ یہ بات انہوں نے محکمہ صحت و انڈس ہسپتال کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ پروگریس ریویو برائے ملیریا کنٹرول پروگرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مسعود قادر نوشیروانی ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالرسول زہری، پرونشنل منیجر برائے تدارک ملیریا ڈاکٹر آصف انور شاہوانی ، انڈس ہسپتال کے علی اصغر خان ، بلوچستان کے 11اضلاع کے ڈی ایچ اوز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مسعود قادر نوشر وانی نے بتایا کہ ملیریا پروگرام کو مزید وسعت دینے کیلئے نئے مالی سال میں خاطر خواہ اقدامات اٹھانے کی سفارشات بجھوادی گئی ہیں جبکہ ملیریا پروگرام بلوچستان میں بہتر انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔اجلاس میں ملیریا پروگرام بلوچستان کے منیجر ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے بتایا کہ ملیریا پروگرام انڈس ہسپتال کے تعاون سے بلوچستان کے گیارہ اضلاع میں ملیریا سے بچاؤ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں مالی سال2016میں مجموعی طور پر453440مچھردانیاں لوگوں میں تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ ملیریا کے پی ایف7124مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے اسی طرح پی وی کے17129مریضوں کا علاج ممکن بنایا گیا ہے۔جبکہ 5204مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اسی طرح صوبہ بھر میں393آگاہی مہم کا انعقاد ممکن بنایا گیا ہے اور 109920مشنزکے ذریعے لیڈی ہیلتھ ورکرزکو آگاہی فراہم کی گئی ہے۔مائیکرو اسکول کے52لوگوں کو تربیت دی گئی ہے اور238لوگوں کو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحفظ کی تربیت دی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملیریا کنٹرول پروگرام بلوچستان بھر میں بلاامتیاز سہولیات کی فراہمی میں تمام تر اقدامات اٹھارہی ہے۔اجلاس کے آخر میں ایڈیشنل سیکریٹری عبدالرؤف بلوچ نے ملیریا کنٹرول پروگرام کی کاوشوں کو سراہا جبکہ ان پر زور دیا کہ وہ مانیٹرنگ و رپورٹنگ کے سسٹم کو مزید مضبوط کریں۔اجلاس میں چیف پلاننگ آفیسر عبدالرسول زہری،انڈس ہسپتال کے نمائندے علی اصغر خان و تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران نے اپنی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔