اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری آزادی رائے کے نام پر مسلم امہ کے جذبات مجروح نہ کرے جب کہ گستاخانہ مواد روکنے کے لیے سوشل میڈیا بند کرنا پڑا تو کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے فیس بک انتظامیہ کے اعلیٰ عدالتی شخصیت سے عدم تعاون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برداری مسلم امہ کے جذبات مجروح نہ کرے، آزادی رائے کے نام پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں جب کہ پی ٹی اے گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے سوشل میڈیا کمپنیوں سے بات کرے اور گستاخانہ مواد روکنے کے لیے سوشل میڈیا بند کرنا پڑا تو کریں گے۔
چوہدری نثارنے ہدایت دی کہ متنازعہ ویب سائٹ کا سراغ لگانے کے لیے سافٹ ایئر بنایا جائے اور تعاون نہ کرنے والی ویب سائٹس کو بند کردیا جائے گا جب کہ سوشل میڈیا آپریٹرز کو بھی آگاہ کریں کہ تعاون نہ کرنے پر انہیں بھی بلاک کردیں گے کیوں کہ دہشت گردی اور توہین رسالتؐ پر سمجھتوتہ نہیں کرسکتے۔