|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سی پیک میں شامل بلوچستان کے منصوبوں پر ابتدائی کاروائی کو جلد از جلد مکمل کر کے انہیں عملدرآمد کی سطح پر لے جانے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی سست روی اور تساہل برداشت نہیں کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ماس ٹرانزٹ ٹرین سسٹم کے منصوبے کے سروے اور فیزبیلٹی رپورٹ کی تیاری کے لیے کوئٹہ میں موجود چینی کمپنی کے انجینئرز اور ماہرین کو بھرپور معاونت کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے 50کروڑ روپے لاگت کی وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، جس کے تحت صوبہ بھر کے اہل طلباء میں دس ہزار لیپ ٹاپ اس سال جون تک تقسیم کئے جائیں گے جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس اسکیم کے لیے مزید فنڈز بھی مختص کئے جائیں گے، مزید برآں وزیراعلیٰ نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کا جلد از جلد آغاز کرنے اور انہیں اس سال جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ وہ جلد ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کر کے ان منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بہتر شہری سہولتوں کی فراہمی کے لیے جاری مالی سال کے دوران خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے تمام اہم منصوبے جن کی لاگت دس کروڑ اور اس سے زائد ہے اور جن کے لیے مطلوبہ فنڈز کا اجراء ہو چکا ہے، انہیں اس سال جون سے قبل مکمل کیا جائے، وہ خود ان منصوبوں کا معائنہ کر کے ان کا افتتاح کریں گے، تاکہ مختلف شعبوں کے ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔