کراچی: پیپلزپارٹی کے سینٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم والوں کو جو بھی خالی پلاٹ نظر آیا اس پر قبضہ کرلیا جب کہ پارک، گراؤنڈ اور نالوں پر قبضہ کرنا ان کاریکارڈ رہا ہے۔
کراچی میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا وطیرہ ہے کہ وہ اتنا شور مچاتی ہے کہ لوگ اسے سچ سمجھنا شروع کردیتے ہیں۔ ایم کیوایم کا مطالبہ تھا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں ہم نے اختیارات بھی دے دیئے اور ان کی مدد کے لئے سولڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھی بنایا گیا لیکن معاملہ یہ ہے کہ جو اختیارات ایم کیو ایم کے پاس ہیں وہ اس میں کام کررہے ہیں یا نہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: بلدیاتی آرڈیننس،دوستوں کی ناراضگیاں ختم کرینگے
پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ مئیرکراچی وسیم اخترکو یہ تک نہیں پتا کہ شہر کی صفائی کےایم سی کا کام نہیں بلکہ یہ ذمہ داری ڈی ایم سیزکی ہے۔ پہلےاسکول اور اسپتال بھی کے ایم سی کے پاس تھے ہم نے وہ بھی ڈی ایم سیز کو منتقل کردیئے، سندھ حکومت کے ایم سی کو ہر ماہ 50 کروڑ روپے کی گرانٹ دیتی ہے سڑکیں بنانا بلدیاتی نمائندوں کا کام تھا لیکن وہ بھی سندھ حکومت بنا رہی ہے ہم مانتے ہیں کہ ہمارا تھوڑا بہت قصور ہوگا لیکن اپنی ذمے داریاں سندھ حکومت پر ڈالنا نااہلی کی بدترین مثال ہے وسیم اختر پرجو ذمہ داریاں ہیں وہ سرانجام دیں پھر کسی ذمہ داری کی بات کریں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں کوئی غلط منصوبہ مکمل نہیں ہونے دوں گا
سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مئیر کراچی نے کہا کہ گجرنالے سے تجاوزات ختم کرائیں وہ یہ بتائیں کہ گجرنالے پرتجاوزات کس دورمیں قائم ہوئیں۔ ہم نے تو تجاوزات ختم کرائے پارک، گراؤنڈ اور نالوں پر قبضہ کرنا ایم کیو ایم کاریکارڈ رہا ہے، ایم کیوایم کوجوخالی پلاٹ نظرآیا اس پرقبضہ کرلیا کوئی پارک اور نالہ تک نہیں چھوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین بھرتی کرائے یہ ادارے طویل عرصے تک ایم کیوایم کے قبضے میں رہے ہیں، بانی ایم کیوایم کی کال پرجو لوگ جمع ہوجاتے تھے وہ گھوسٹ ملازمین ہی ہوتے تھے جب کہ نگراں حکومت میں بھی ایم کیوایم نے 5 ہزار بھرتیاں کی تھیں۔