انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے خبردار کیا ہے کہ ترک وزراء کے ساتھ ناروا سلوک اور ترک تارکینِ وطن کو ریلیاں نکالنے سے باز رکھنے پر ہالینڈ کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہالینڈ کی حکومت نے ترک وزیر خارجہ مولود اغلو کو روٹرڈیم میں داخل ہونے نہیں دیا گیا جب کہ ترکی کی وزیر برائے خاندان و سماجی تحفظ، فاطمہ بتول سیان کو بھی روٹرڈیم میں ترک سفارت خانے میں داخل ہونے سے روکنے کے بعد انہیں ڈی پورٹ (ملک بدر) کرکے جرمنی بھیج دیا۔ ترکی کے ان دونوں وزراء کو ہالینڈ میں مقیم ترک باشندوں کی طیب اردگان کے حق میں ترتیب دی گئی ریلیوں سے خطاب کرنا تھا جن کا مقصد آئندہ ماہ ریفرنڈم میں ترک صدر کی کامیابی کی راہ ہموار کرنا تھا۔ ریفرنڈم میں کامیابی کی صورت میں اردگان کو مزید اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔
ایک تقریب سے خطاب کے دوران اردگان نے ہالینڈ کی حکومت کو ’نازی باقیات‘ اور ’فسطائی‘ (فاشسٹ) قرار دیتے ہوئے اس اقدام پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک آمرانہ حکومت ہی ہالینڈ پہنچنے والوں کی راہ روک سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بیان ہالینڈ کی جانب سے ترکی کی ایک وزیر کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے اور دوسرے کو ملک بدر کرنے کے بعد جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ اپنے یہاں انتخابات کا بہانہ بناکر ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات قربان کرنا چاہتا ہے تو اسے اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔
رجب طیب اردگان کے بیان کے بعد دارالحکومت انقرہ میں ہالینڈ کا سفارت خانہ بند کردیا گیا ہے اور سفارتی عملے سے کہا گیا ہے کہ اب ہالینڈ کے سفیروں کو ترکی میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔
دوسری جانب ترک وزیروں سے ہالینڈ کی بدسلوکی کے خلاف روٹرڈیم میں مقیم ترک تارکینِ وطن نے ہزاروں کی تعداد میں ترکی کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا جس میں ہالینڈ کی حکومت کے خلاف اور اردگان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
اردگان کے اختیارات میں اضافے سے متعلق ترکی میں ریفرنڈم کو یورپی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے یورپی یونین کے بیشتر ممالک نے اپنے ہاں اردگان کے حق میں مظاہروں اور ریلیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔