|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2017

حیدر آباد: سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینچ کے جج جسٹس سعید الدین ناصر حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینچ کے رکن جسٹس سید سعید الدین ناصر کو عدالت میں دوران سماعت دل کی تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا اور اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کو ہدایت کی کہ جسٹس سعید الدین کو علاج کے لئے فوری طور پر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاہم جسٹس سعید الدین ناصر جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ سول اسپتال حیدر آباد کی انتظامیہ نے جسٹس سعیدالدین کے انتقال کی خبر سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا تاہم ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ اللہ بچایو سومرو نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ جسٹس سعیدالدین ناصر حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرچکے ہیں اور اب ان کی میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراچی منتقل کیا جائے گا۔