|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2017

اسلام آباد : بلوچستاں حکومت کے ترجمان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف گوادر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کے خوا ہاں ہیں۔ سرکاری ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اولین ترجیح گوادر میں جاری چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کو اپنی مقررہ مدت میں تکمیل ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنے دورہ گوادر کے دوران جاری مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا اور انہیں اس موقع پر تمام منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی جس کے بعد انھوں نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو جلد اور مقررہ مدت کے دوران مکمل کیا جائے۔ جان اچکزئی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم باقاعدہ گوادر کے دورے کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے رواں برس گوادر ایر پورٹ اور ایکسپریس وے منصوبوں کی تکمیل کے بھی خواہاں ہیں اس کے ساتھ ساتھ ژوب سے کوئٹہ اور برہان سے ڈیرہ اسمعیل خان کے درمیان سڑک کو بھی بر وقت مکمل کرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مذکورہ تمام منصوبوں کی تکمیل کے بعد گوادر سمیت ملک بھر میں خوشحالی کی راہیں کھل جائیں گی۔