گوادر : وفاقی وزیربرائے ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر کے عوام محمد نوا زشریف کے ہاتھ مضبوط کریں‘مایوسی کبھی نہیں ملے گی ۔جمعرات کو وفاقی وزیربرائے ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادرکی ترقی خواب سے حقیقت کا روپ دھار چکی ہے‘جو صرف وزیراعظم محمد نوازشریف کی توجہ کے باعث ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی مایوسی امید میں بدل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے بلوچستان کی عوام کا احساس محرومی ختم کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر کے عوام محمد نوا زشریف کے ہاتھ مضبوط کریں‘مایوسی کبھی نہیں ملے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے باعث آج فاصلے سمٹ چکے ہیں‘انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 60سے زائد ممالک گوادر میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک سے گوادر سمیت پورے ملک میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے۔