|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2017

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مغوی سیکریٹری عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی کے لیے جاری اقدامات اور کاروائیوں کو نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس سے اس حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مغوی سیکریٹری کی باحفاظت بازیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ عبداللہ جان کی بازیابی کے لیے تشکیل دی گئی دو ٹیموں نے خفیہ اطلاعات پر کوئٹہ کے مختلف مقامات پر کاروائیاں کی ہیں اور اب تک حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں موثر منصوبہ بندی کے تحت تفتیش اور بازیابی کے اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ایک اغواء کار کا خاکہ بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ سیکریٹری کے ڈرائیور کو بھی تفتیش میں شامل کیا گیا ہے، آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ انہوں نے مغوی سیکریٹری کی رہائش گاہ جا کر ان کے والد ، بیٹوں اور بھائیوں سے ملاقات کی ہے جبکہ جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا ہے اور وہ تمام کاروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی انہیں تمام پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔