|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2017

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف سے تاتارستان کے صدر رستم منیخانوو نے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہمسایہ ملکوں سے تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے تاتارستان کی جانب سے دوطرفہ تجارت میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اطراف سے تاجروں کے ساتھ مشترکہ بزنس فورم کے رابطوں سے باہمی تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ تاتارستان کے صدر نے بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاتارستان کے تجارتی وفد کی لاہور میں بہت مفید ملاقاتیں ہوئیں اور امید ہے کہ دونوں جانب سے تجارت کو بڑھانے کے لئے تجارتی سرگرمیاں جلد شروع ہوں گی۔