کراچی: اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے ریفری جج جسٹس آفتاب گورڑ نے 479 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق دو کیسز میں ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ریفری جج کے فیصلے کے مطابق عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت ان کی صحت کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے منظور کی۔
واضح رہے کہ کرپشن کیسز میں احتساب عدالت کے جسٹس فاروق شاہ اور جسٹس کے کے آغا کے درمیان ڈاکٹر عاصم کی ضمانت سے متعلق کیس کے فیصلے میں تضاد سامنے آیا تھا جس پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے جسٹس آفتاب گورڑ کو ریفری جج مقرر کیا تھا۔