انڈیا میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں بس کے حادثے میں 46 سے زیادہ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ یہ حادثہ بدھ کو پہاڑی علاقے میں پیش آیا جب ایک مسافر بس پرپیچ راستے پر بےقابو ہو کر کھائی میں بہنے والے دریا میں جا گری۔ حکام کے مطابق بس پر 50 سے زیادہ افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔ شملہ کے ضلعی کمشنر روہن چند ٹھاکر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے میں 44 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تاہم ان اطلاعات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ انڈیا دنیا کا ایسا ملک ہے جہاں عالمی سطح پر سب سے زیادہ ٹریفک حادثے ہوتے ہیں اور تقریبا ہر چار منٹ میں ایک حادثہ پیش آتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2015 میں 1،46000 افراد سڑک حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے بیشتر حادثات بغیر احتیاط کی ڈرائیونگ، خراب سڑکوں اور پرانی گاڑیوں کے استعمال کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔