لاہور: پاناما کیس کے فیصلہ سے قبل ہی لاہور کی اہم شاہراہوں پر وزیراعظم نوازشریف کی حمایت میں بینرز لگادیے گئے ہیں۔
پاناما کیس کے فیصلہ سے قبل ہی لاہور میں وزیراعظم کی حمایت میں بینرزلگنا شروع ہوگئے،یہ بینرز والٹن روڈ، ڈیفنس، صدر، غازی روڈ، جیل روڈ اور مال روڈ پر لگائے گئے ہیں۔ شہرمیں بینرز لگنے کے بعد مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے حلقے میں سیکڑوں کی تعداد میں بینرز لگوائے ہیں۔ ان بینرز پر وزیراعظم کے ساتھ خواجہ سعد رفیق، ایم پی اے یاسین سوہل اور ایم پی اے میاں نصیرکی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔ بینرز پر ’قائد تیرا ایک اشارہ، حاضر حاضر لہو ہمارا‘ کا نعرہ درج ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاناما کیس میں کسی بھی قسم کا فیصلہ آنے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔