اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان اب جلنا اور رونا بند کردیں اب بھی وقت ہے خدا کے لیے خیبر پختونخوا جائیں اور وہاں کے لوگوں سے لیے گئے ووٹ کا حق ادا کریں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج عدالت عظمیٰ نے اکثریت کےساتھ فیصلہ دیا ہے، میاں نواز شریف نے 6 ماہ پہلے ہی جے آئی ٹی کا کہا تھا، ہم ہر طرح کی تحقیقات کے لیے تیار ہیں جب کہ آج یہ بات ثابت ہوگئی کہ جو شہادتیں ہمارے مخالفین نے پیش کیں وہ ناکافی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے دربار میں اور عوام کے سامنے سرخرو کیا ہے جس پر ہم شکر گزار ہیں، آج جو ہم سرخرو ہوئے ہیں اس میں عوام کی دعائیں شامل تھیں جب کہ جو لوگ یہ خواہش رکھتے ہیں کہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹا سکتے ہیں، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ نواز شریف 2018 تک اور اس کے بعد بھی وزیراعظم ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے، وہ ناکام سیاست دان جنہوں نے پہلے دھرنے کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ پر شب وخون مارنے کی کوشش کی اور ناکام ہوئے، پے درپے عوام کی عدالت میں شکست کھانے کے بعد انہوں نے عدالت کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ پر شب و خون مارنے اور وزیر اعظم کو ہٹانے کے لیے چور دروازہ استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن سپریم کورٹ نے اس سازش کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو عوام کے ووٹوں کی طاقت سے منتخب وزیراعظم کو چور دروازے کے ساتھ شب و خون مارکر ہٹانا چاہتے تھے انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جے آئی ٹی کا تشکیل دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عدالت نے ان تمام شواہد کو مسترد کیا ہے جب کہ آج عوام، آئین اور قانون کی فتح ہوئی ہے اور 2013 کا عوامی مینڈیٹ جیتا ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیر اعظم نااہل نہیں ہوئے، پاناما کیس کا فیصلہ
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر نواز شریف ان کی ٹیم، مسلم لیگ(ن)، ہمارے کروڑوں ووٹرز اور ہر وہ پاکستانی جس کو جمہوریت سے پیار ہے سرخرو ہوا ہے، ہم سب نے بار بار کہا کہ عدالت کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا لہذا اب وقت آگیا ہے کہ جو کچھ کہا اس پر عمران خان، سراج الحق اور باقی اپوزیشن بھی عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل وزیراعظم کے موقف کی فتح ہے، سب سے پہلے وزیراعظم نے خط لکھا تھا کے جے آئی ٹی بنائی جائے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا احترام کیا جائے گا اور جے آئی ٹی سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا، سماعت کے دوران ہمارے تحفظات رہے، ہماری کردار کشی کی گئی، ایک عدالت سڑکوں پر اور ایک ٹی وی پر لگائی گئی لیکن اللہ کے فضل سے تمام سازشیں ناکام ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا کارواں نواز شریف کی قیات میں آگے بڑھتا رہے گا، نواز شریف صادق اور امین بھی ہیں، نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہے، عمران خان اب جلنا اور رونا بند کردیں، اب بھی وقت ہے خدا کے لیے عمران خان خیبر پختونخوا جائیں اور وہاں کے لوگوں سے لیے گئے ووٹ کا حق ادا کریں۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 2018 میں عوامی عدالت لگے گی، مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں چاروں صوبوں میں حکومت بھی بنائے گی اور دو تہائی اکثریت بھی حاصل کرے گی۔