|

وقتِ اشاعت :   April 24 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک اور جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ نے کہا ہے کہ حکومت فوری طورپر پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کویقینی بنائے بصورت دیگر پیپلز پارٹی ملازمین کے ساتھ ملکر بلوچستان بھر میں سخت احتجاج پر مجبور ہوگی یہ بات انہوں نے اتوار کو پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں پیرامیڈیکل اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف نے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے پرامن لانگ مارچ شروع کیا لیکن حکومت نے پرامن لانگ مارچ کو روک کر غیر جمہوری ہونے کا ثبوت دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام اور ملازمین کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ملازمین اورعوام مہنگائی کے باعث دو وقت کی روٹی کوترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن حکمران ملازمین کو اس حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں جس کی پیپلز پارٹی ہرگز اجازت نہیں دیں گے پیرامیڈیکل اسٹاف اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں پیپلز پارٹی انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو فوری طورپر منظور کیا جائے بصورت دیگر پیپلز پارٹی ملازمین کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔