لیہ: چک نمبر 341 میں گھریلو حالات سے تنگ باپ نے 5 بچوں کو زہر دے کر خود بھی زہر پی لیا۔
لیہ کی چک نمبر 341 کے رہائشی 45 سالہ طارق نے گھریلو ناچاکی پر اپنے 5 بچوں کو زہر دے کر خود بھی زہر پی لیا، زہر پینے کے باعث طارق کا ایک بیٹا اور 4 لڑکیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ طارق کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال لیہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت طیبہ، طیب، صبا، تنزیلہ اور شہناز کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق کی بیوی صائمہ ایک سال قبل خلا لے کر اپنے میکے چلی گئی تھی اور اس نے دوسری شادی کر لی تھی، طارق خود اپنے بچوں کی کفالت کرتا تھا اور بچوں کی وجہ سے فکر مند رہتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لیہ میں 5 بچوں کو زہر دے کر جان سے مارنے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔