کوئٹہ: ناظم اعلیٰ تعلقات عامہ حکومت بلوچستان لعل جان جعفر سے ایڈیٹرز کونسل بلوچستان کے ایک وفد نے کونسل کے صدر انور ساجدی کی سربراہی میں ملاقات کی، انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور پرنٹ میڈیا کے درمیان تعلقات مثالی ہیں، بالخصوص وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری مقامی اخبارات کو درپیش مسائل سے ناصرف بخوبی آگاہ ہیں بلکہ ان کے حل کے لیے وزیراعلیٰ کی جانب سے عملی اقدامات بھی کئے گئے ہیں، ملاقات میں حکومت اور پرنٹ میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے سے بھی اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ صوبے سے شائع ہونے والے اخبارات صوبائی حکومت کی امن و امان اور ترقیاتی عمل کے حوالے سے پالیسیوں کو موثر انداز میں اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، جبکہ صوبائی حکومت اشتہارات سمیت اخبارات کے دیگر مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی، ایڈیٹرز کونسل کے وفد میں صدیق بلوچ، رضاء الرحمان، حاجی خلیل احمد، جاوید احمد، گلریز خان، محمد انور ناصر، نادر حسین زمرد شامل تھے۔جبکہ وزیراعلیٰ کے پریس سیکریٹری کامران اسد بھی اس موقع پر موجود تھے۔