سیئول: امریکی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا میں اس کا میزائل ڈیفنس سسٹم ’’تھاڈ‘‘ ابتدائی طور پر فعال ہوگیا ہے یعنی اب یہ حملہ آور میزائل کو تباہ کرنے کےلیے تیار ہے۔
اس متنازعہ میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب جنوبی کوریا میں گزشتہ ہفتے شروع کی گئی تھی جسے جزوی طور پر فعال (آپریشنل) کردیا گیا ہے تاہم اس کے مکمل آپریشنل ہونے میں مزید چند ماہ لگ جائیں گے۔
ترجمان امریکی فوج کے مطابق اس نظام کی مدد سے شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ میزائل حملوں کو ناکام بناتے ہوئے جنوبی کوریا کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔
جنوبی کوریا میں اس میزائل نظام کی تنصیب کے خلاف مظاہرے جاری ہیں کیونکہ مقامی افراد اور جنوبی کوریا کی حزبِ اختلاف کا مؤقف ہے کہ اس نظام کی تنصیب سے شمالی کوریا کو حملے کی دعوت دے دی گئی ہے جس سے جنوبی کوریا میں رہنے والوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
جنوبی کوریا میں ’’تھاڈ‘‘ کی تنصیب پر چین نے بھی اس احتجاج کیا ہے کیونکہ اس نظام کے ریڈار سے چین کے فوجی آپریشن کی سیکیوریٹی کےلیے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ گزشتہ روز دو امریکی بمبار طیاروں نے جنوبی کوریا کی فضائیہ کے ساتھ ایک جنگی مشق میں بھی حصہ لیا؛ البتہ امریکی فوج کے مطابق یہ ’’معمولی کی مشقیں‘‘ تھیں۔