|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2017

کراچی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں بدنظمی اور پیپر آوٹ ہونے کے معاملے نے سب کو ہلا ضرور دیا ہے لیکن اسکے باوجود بھی نقل اور پیپر آوٹ ہونے کا سلسلہ روازنہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اب نقل کے لیے بنائے گئے مختلف واٹس ایپ گروپ پر بھارتی نمبروں کی موجودگی کا انکشاف بھی ہوا ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کراچی میں انٹر کے امتحانات جاری ہیں تاہم روزانہ کی بنیاد پر پرچے بھی آوٹ ہورہے ہیں تاہم اب واٹس ایپ گروپ پر بھارتی نمبروں کی موجودگی نے سب کو تشویش میں ڈال دیا ہے ۔ ہفتے کی صبح بارہویں جماعت فزکس اور دوپہر میں بارہویں جماعت اکاؤنٹنگ کا پرچہ بھی آوٹ ہوگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے، ایکسپو سینٹر کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ گروپ میں بھارتی نمبرز کی موجودگی کی تحقیقات شروع کر دی گئ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ نقل مافیا کو پکڑنے کا ٹاسک پولیس کے انسداد دہشت گردی محکمے (سی ٹی ڈی) کے سپرد کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزیرتعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زم زمہ کالج کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ نقل کی روک تھام کے لیے آصفہ بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ کلاس رومز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی جائے جس کا اعلان پہلے ہی سندھ حکومت کرچکی ہے اور تمام امتحانی مراکز پر باقاعدہ بینرز بھی آویزاں کردیے گئے ہیں۔