|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2017

کابل: افغانستان کے صوبے پروان میں واقع ایک مدرسے میں بم دھماکے سے افغان علما کونسل کے رہنما سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دھماکا خیز مواد مدرسے کے ایک کمرہ جماعت میں چھپایا گیا تھا جس کا دھماکا آج صبح سویرے تدریس شروع ہونے کے فوراً بعد ہوا جبکہ اس وقت مدرسے میں پڑھنے والے بچے بھی وہاں موجود تھے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں مولوی عبدالرحیم شاہ حنفی بھی شامل ہیں جو پاریاں علماء مجلس کے سربراہ بھی تھے۔ افغان خبر رساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اب تک کسی دہشت گرد تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دھماکے میں 8 جاں بحق افراد کے علاوہ درجنوں دوسرے افراد زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں لیکن اب تک ان کی درست تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے جبکہ دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔