|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2017

کابل: طالبان نے افغان صوبے زابل میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کر کے 25 پولیس اہلکاروں کو ہلاک جب کہ 15 کو زخمی کر دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں طالبان نے مختلف چیک پوسٹوں پر حملے کئے جس میں کم از کم 20 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

صوبائی گورنر بسم اللہ افغان مل نے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے آج صبح زابل کے ضلع جوئے کی بیشتر پولیس چیک پوسٹوں پر بیک وقت حملہ کیا جس میں خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 25 اہلکار ہلاک اور 15 اہلکار شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب افغان دارالحکومت کابل میں واقع ایک غیر ملکی گیسٹ ہاؤس پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے ایک جرمن خاتون اور مقامی گارڈ کو ہلاک کردیا، واقعے کے بعد فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون لاپتہ ہو گئی جس کے بارے میں افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خاتون کو ممکنہ طور پر حملہ آور اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

فن لینڈ کی وزارت خارجہ نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں ان کی ایک شہری کو اغوا کرلیا گیا ہے تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اغوا کار کون ہیں اور ان کے کیا مقاصد ہیں۔

سوئیڈش این جی او کے زیراہتمام چلنے والے گیسٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر اسکاٹ بریسلن کا کہنا ہے کہ وہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔