|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیار ی،غیر رجسٹرڈ ،غیر ملکی اور بلالائسنس ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 9ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کے کیسز کے موقع پر عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔

گزشتہ روز ادویہ ساز کمپنی ڈرگ فارما پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کیس کی ڈرگ کورٹ کے روبرو سماعت ہوئی تو کیس میں نامزد ملزمان منیجنگ پارٹنرز طاہر نواز ،گلشن بٹ اور عبدالجبار عدالت کے سامنے پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے اس کے علاوہ فارما سروو پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد کیس کی بھی سماعت ہوئی ۔

اس کیس میں بھی نامزد ملزم منیجنگ کوارڈینیٹر انور خان پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ،عدالت نے اقصیٰ میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم عبدالمجید ،عمران میڈیکل سٹور کے ملزم محمد عمران ،عرفان میڈیکل سٹور کے ملزم محمد عرفان ،ہمدرد ہسپتال اینڈ فارمیسی کے ملزم شمس اللہ ،اعوان اشفاق میڈیکل سٹور چمن کے محمد اشفاق ،نیوکمپلیکس کلینک اینڈمیڈیکل سٹور کے عبدالوہاب اور عبدالصادق میڈیکل سٹور کے محمد صا دق کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے ۔

بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔یاد رہے کہ ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں اس وقت 137ادویہ ساز کمپنیوں ،میڈیکل سٹورز ،ہول سیلرز ،میڈیسن ایجنسیوں اور دیگر کے خلاف غیر ملکی ،غیر معیاری ،زائد المعیاد ،غیر رجسٹرڈ اور بلا لائسنس کے ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات درج ہیں بلکہ 9کیسز کے فیصلے بھی سنائے جاچکے ہیں جن میں 8کیسز میں نامزد ملزمان کو سزائیں دی گئی ۔

ایک کیس میں عدم ثبوت کی بناء پر میڈیکل سٹور کے مالک کو بری کردیاگیا ،واضح رہے کہ بلوچستان میں غیرمعیاری ،غیر ملکی اور زائد المعیاد ادویات کی بڑے پیمانے پر خرید وفروخت کا نوٹس وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت چیف سیکرٹری اور دیگر حکام نے لیا تھا اور ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کوئی رعایت نہ بھرتی جائے ۔